کراچی : پاکستان اسٹیل کے برطرف ملازمین کے اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوٗے مزدروں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس ناانصافی اور ظالمانہ اقدام کیخلاف عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائیں گے، انھوں نے کہا کہ احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا، احتجاج کے دوسرے مرحلے میں گورنر ہاؤس کا رخ کریں گے۔ حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف مزدور یکجا ہوگئے ہیں اور آخری سانس تک اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔
لیبر لیڈروں کا کہنا تھا کہ ملازمین کو نوٹسز ملنا بھی شروع ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی نے حکومت میں آنے کے بعد اسٹیل ملز کی بحالی کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے برعکس بند اسٹیل ملز کو مستقل تالے لگانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کرپٹ مافیا نے اسٹیل ملز کو برباد کردیا ہے، میں اسے چلا کر دکھاؤں گا لیکن وزیر اعظم نے اسٹیل ملز کو چلانے کے بجائے ملازمین کو جبری برطرف کردیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ عدالت کہہ چکی تھی کہ اسٹیل ملز ملازمین کیلیے حکومت اقدامات کرے اور رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے لیکن حکومت نے اقدامات کرنے اور رپورٹ بنانے کے بجائے 4 ہزار سے زائد ملازمین کو جبراً بے روزگار کردیا ہے۔